Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آپریشن نجات مہران؛ بدنام زمانہ ڈاکو راحب شر اور ظہور شر نے ساتھیوں سمیت ہتھیارڈال دیے

جو ڈاکو رضا کارانہ طور پر سرینڈر نہیں کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی ہوگی، پولیس

گھوٹکی: آپریشن نجات مہران جاری ہے جس کے نتیجے میں رونتی کچہ کے مزید چھ خطرناک ڈاکوؤں نے خود کو قانون کے حوالے کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہتھیار ڈالنے والوں میں سندھ اور پنجاب میں دہشت کی علامت سمجھے جانے والے راحب شر، موریو، ظہور شر اور سندھو شیخ سمیت دیگر شامل ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ تمام ملزمان پولیس مقابلوں، قتل، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور کافی عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چکمہ دے رہے تھے۔

آپریشن کے دوران پولیس کو رینجرز کی معاونت بھی حاصل ہے جب کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کچے کے علاقوں میں کارروائیاں تیز کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق علاقے کی جغرافیائی پیچیدگی کے باوجود سیکیورٹی فورسز منظم حکمت عملی کے تحت پیش قدمی کررہی ہیں۔

پولیس نے واضح اعلان کر رکھا ہے کہ جو ڈاکو رضا کارانہ طور پر سرینڈر نہیں کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق اب تک کچے کے تقریباً 90 فیصد علاقے کو کلیئر کروا لیا گیا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی گرفت مضبوط ہوچکی ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن نجاتِ مہران جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جب کہ باقی ماندہ علاقوں میں بھی سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رہے گا۔

پولیس نے عزم ظاہر کیا ہے کہ کچے کے علاقوں کو مکمل طور پر جرائم سے پاک کرکے شہریوں کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں