Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا پاکستان گورننس فورم سے خطاب، معاشی بہتری اور اصلاحات پر زور

پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا، مشکل فیصلوں اور اصلاحات کے باعث معیشت کو سنبھالا، شہباز شریف

اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان گورننس فورم سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ حکومت نے مشترکہ کاوشوں سے ملک کو معاشی بہتری کی جانب گامزن کیا ہے اور اب مجموعی اقتصادی صورتحال ماضی کے مقابلے میں حوصلہ افزا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جون 2023 میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے دہانے پر تھا تاہم مشکل فیصلوں اور اصلاحات کے باعث معیشت کو سنبھالا گیا۔ مہنگائی کی شرح جو 38 فیصد تک پہنچ گئی تھی اب کم ہوکر سنگل ڈیجٹ پر آچکی ہے جب کہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم ہوکر ساڑھے 10 فیصد پر آگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مزید محنت اور تسلسل کے ساتھ اقدامات کرکے ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنا ہوگا۔ وزیراعظم کے مطابق برآمدات میں اضافے کی بے پناہ گنجائش موجود ہے اور ایکسپورٹ بڑھانے والے افراد و اداروں کو حکومتی سطح پر تعریفی اسناد اور محدود مدت کے لیے بلیو پاسپورٹ بھی جاری کیے گئے ہیں۔

اڑان پاکستان اور اقتصادی اصلاحات

وزیراعظم نے کہا کہ اڑان پاکستان پروگرام کو احسن اقبال بہترین انداز میں چلا رہے ہیں اور گورننس فورم ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتی اقتصادی اصلاحات وقت کا تقاضا ہیں اور ان کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سولر پالیسی کے حوالے سے جائز مؤقف کو سنا گیا اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کیے گئے۔ بجلی چوری کے خاتمے کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سالانہ 200 ارب روپے کی بجلی چوری روکی جانی چاہیے جب کہ بجلی کی قیمت میں 7 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔

سرکاری اداروں میں اصلاحات اور ٹیکس نظام

وزیراعظم نے کہا کہ کرپشن زدہ اداروں کا خاتمہ کیا گیا ہے اور پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن جیسے اداروں کے خاتمے سے قومی خزانے پر بوجھ کم ہوا۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا کام کاروبار چلانا نہیں بلکہ سہولیات فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شوگر، سیمنٹ اور تمباکو کے شعبے بالواسطہ ٹیکس کی عدم ادائیگی میں سرفہرست ہیں جب کہ ٹیکس ٹو جی ڈی پی شرح ساڑھے 10 فیصد ہے۔ آئندہ بجٹ میں ڈائریکٹ ٹیکسز میں کمی اور بالواسطہ ٹیکس چوری روکنے کے اقدامات کیے جائیں گے۔

سرمایہ کاری اور صوبوں کے ساتھ اشتراک

وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کی ضرورت ہے اور لائیواسٹاک و ڈیری سیکٹر میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معیشت کی بہتری کے لیے صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں گے تاکہ پائیدار ترقی کا ہدف حاصل کیا جاسکے۔