خیبرپختونخوا کے ضلع کے باجوڑ میں مسلح افراد کی ابابیل پولیس فورس کی گشت پارٹی پر فائرنگ سے چار اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق ضلع باجوڑ کی تحصیل خار کے علاقہ نوے کلے میں ابابیل پولیس فورس کے سکواڈ پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔
پولیس پارٹی افطاری کے وقت معمول کے سیکورٹی گشت پر موجود تھی، ایس ایچ او گل زادہ کے مطابق نامعلوم افراد کے اچانک حملہ اور فائرنگ سے 4 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے، زخمی اہلکاروں کوڈی ایچ کیو اسپتال خار منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں علاج کی بہترین سہولیات دی جا رہی ہیں۔
شہداء کی نماز جنازہ پولیس لائنز باجوڑ میں ادا کردی گئی جس میں، اعلیٰ پولیس اور سول حکام نے شرکت کی۔
ڈی پی او باجوڑ محمد خالد کے مطابق جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری نفری پہنچ چکی ہے اور علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے۔ عوام کی حفاظت پر تعینات جوانوں پر گھات لگا کر حملہ کرنے والے دہشتگردوں کو چن چن کر ٹھکانے لگایا جائے گا۔


















