آئی ایم ایف نے پاکستان سے یو اے ای کے ساتھ دو ارب ڈالر رول اوور کی مدت میں مزید ایک سال کی توسیع کا مطالبہ کردیا۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا جائزہ مشن 15 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گیا، وفد نے کراچی میں اسٹیٹ بینک حکام سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران آئی ایم ایف نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے دو ارب ڈالر ڈپازٹ ایک سال کے لیے رول اوور نہ ہونے پر سوالات کیے، تاہم اسٹیٹ بینک حکام کیجانب سے اقتصادی جائزہ کے دوران ہی رول اوور پر اہم پیشرفت کی یقین دہانی کرائی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد کی یو اے ای کے سفیر سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 2030 تک پاکستانی برآمدات کے حوالے سے آئی ایم ایف کی بڑی پیشگوئی
اقتصادی جائزہ کے دوران وفد کو مرکزی بینک حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ آئی ایم ایف کیساتھ طے شدہ ایکسٹرنل فنانسنگ پلان پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے، عارضی رول اوور ہونے پر حکومت دوبارہ بھی بات چیت کر رہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی ایم ایف وفد سے زرمبادلہ ذخائر، مانیٹری پالیسی، ایکسچینج ریٹ، اینٹی ٹیرر فنانسنگ کے ساتھ اینٹی منی لانڈرنگ اقدامات، بینکنگ ریگولیشنز سمیت اہم امور پر بھی تکنیکی مذاکرات ہوئے ہیں۔
تعارفی مذاکرات کے سیشن کے دوران گورنر اسٹیٹ بینک سمیت سینئر مینجمنٹ نے وفد کو بریفنگ دی، جبکہ وفد آج اور کل دو دنوں تک مزید کراچی میں مرکزی بینک حکام کیساتھ مذاکرات جاری رکھے گا۔

















