ضلع خیبر کے علاقے لنڈی کوتل سلطان خیل میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار اور اس کا کمسن بیٹا جاں بحق ہو گئے۔
پولیس کے مطابق سپاہی سفیر خان کو گزشتہ شام اپنے حجرے کے سامنے نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے باعث وہ اپنے 7 سالہ بیٹے محمد طلحہ سمیت شدید زخمی ہو گئے۔
دونوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سپاہی سفیر خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں دم توڑ گیا، جبکہ اس کا کمسن بیٹا محمد طلحہ بھی دورانِ علاج جاں بحق ہو گیا۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، جبکہ پولیس نے تھانہ لنڈی کوتل میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ضلع خیبر میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے پولیس اہلکار سفیر خان اور ان کے کم سن بیٹے کی نماز جنازہ لیویز سنٹر میں ادا کردی گئی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی بعد ازاں شہداء کے جسد خاکی کو تدفین کے لئے آبائی علاقہ سلطان خیل روانہ کردیا گیا۔

















