اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک پر آنچ نہیں آنے دیں گے، وطنِ عزیز کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج ملک کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان کا عزم ہے کہ کسی بھی صورت ملک کے امن اور تحفظ پر آنچ نہیں آنے دیں گے، ہماری افواج کسی بھی جارحانہ عزائم کو خاک میں ملانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ چیف و آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواجِ پاکستان قومی جذبے کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں، افواجِ پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ تربیت اور مؤثر دفاعی حکمتِ عملی سے لیس ہیں اور کسی بھی اندرونی یا بیرونی چیلنج سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کو فروغ دیا تاہم ملکی سالمیت کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے اور افواجِ پاکستان ہر جارحیت کا ڈٹ کر مقابلے کرے گی، پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

















