اسلام آباد: صدرمملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تصادم نہیں چاہتے، کسی نے پاکستان کے امن کوکمزوری سمجھا تو سخت جواب ملے گا۔
صدر آصف زرداری نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ افواج وطن کی سالمیت، سرحدوں کے تحفظ کیلئے سیسہ پلائی دیوارکی طرح کھڑی ہیں، ریاست پاکستان امن، استحکام اور علاقائی سالمیت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ کسی کویہ غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ پاکستان دباؤ یا دھمکی سے مرعوب ہوگا، ہماری مسلح افواج کی جوابی صلاحیت ہمہ گیر، بروقت اورفیصلہ کن ہے، ہماری مسلح افواج دشمن کے ناپاک عزائم جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی بھرپور استعداد رکھتی ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ طالبان رجیم پاکستان کیخلاف اپنے دہشتگردوں کیساتھ کارروائیوں میں مصروف ہے، ہماری تمام سفارتی کارروائیاں، برادرممالک اس مجرم ٹولے کو راہ راست پرلانے میں ناکام ہوئے، آج اس بزدل ٹولے نے بین الا قوامی سرحدعبور کر کے پاکستان کی سالمیت کو للکارا۔
مزید پڑھیں: آپریشن غضب للحق جاری؛ 133 افغان طالبان ہلاک، 27 پوسٹیں تباہ، 9 پر قبضہ
صدر نے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارریاست کے طورپر سفارتی ذرائع اختیار کیے، بردارممالک کی معاونت سے اس مجرم گروہ کوراہ اعتدال پر لانے کی سنجیدہ کوشش کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ 8فروری کو اسلام آباد خودکش حملے کے بعد طالبان رجیم کو واضح اور سخت الفاظ میں متنبہ کیا تھا، 5روز قبل22 فروری کو بھی اسی ٹولے کو دوبارہ دوٹوک پیغام دیا تھا،پاکستان کوبخوبی علم ہے منصوبہ ساز، سہولت کار اور سرپرست کہاں بیٹھے ہیں، خونریزی کاسلسلہ جاری رہا تو ذمہ دارعناصر کی رسائی سے ماہر کوئی نہیں ہوگا۔

















