راولپنڈی: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں پاکستان اور افغانستان کی موجودہ صورتحال اور سرحدی سیکیورٹی پر عسکری قیادت نے تفصیلی بریفنگ دی۔
دورے کے دوران وزیر اعظم کو سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی صورتحال، دہشت گردی کے خطرات اور ملکی دفاع کے حوالے سے جاری اقدامات سے آگاہ کیا گیا۔ عسکری حکام نے خطے میں درپیش چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اس موقع پر واضح کیا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی دہشت گرد کارروائی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج اور افغان طالبان حکومت کے درمیان گٹھ جوڑ اور پاکستان میں بدامنی پھیلانے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی جاری رکھی جائے گی اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملک کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے سرحدی علاقوں میں حملوں کو مؤثر انداز میں پسپا کرنے اور بروقت جواب دینے پر افواج پاکستان کی کارکردگی کو قابل تعریف قرار دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی جارحیت کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

















