وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ اعلیٰ پولیس افسران سمیت تمام نگران اہلکاروں کی چھٹیاں فوری طور پر منسوخ کر دی گئی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ بلا تاخیر اپنی اپنی یونٹس میں رپورٹ کریں، جبکہ کسی بھی قسم کی رخصت اگلے احکامات تک بند رہے گی۔ پہلے سے منظور شدہ چھٹیوں کو بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ہنگامی صورتحال کے باعث سخت انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور صرف ناگزیر حالات میں مجاز اجازت سے رخصت دی جا سکے گی۔
انسپکٹر جنرل کی منظوری سے جاری حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پولیس کی مکمل نفری طلب کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق دارالحکومت کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال پر مسلسل کڑی نگرانی جاری ہے اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

















