کراچی میں ممکنہ احتجاج کے پیش نظر شہر کی اہم شاہراہوں کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سلطان آباد ٹریفک سیکشن سے مائی کولاچی جانے اور آنے والی دونوں سڑکیں بند کر دی گئی ہیں، اسی طرح ایم ٹی خان روڈ سے جناح برج، پی آئی ڈی سی سے جناح برج اور دیگر ملحقہ راستوں پر بھی رکاوٹیں کھڑی کر کے ٹریفک کو روک دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑا جارہا ہے جبکہ بوٹ بیسن سے آنے والی گاڑیوں کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن دے کر واپس بھیجا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ پی آئی ڈی سی سے آنے والی ٹریفک کو پارک کٹ کے راستے واپس روانہ کیا جا رہا ہے جبکہ شارع فیصل پر ایف ٹی سی سے میٹروپول جانے والی سڑک کو بھی رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔
ایف ٹی سی کے قریب سڑک گزشتہ روز سے بند ہے اور ایف ٹی سی کی طرف آنے والی ٹریفک کو گورا قبرستان کے قریب سے یوٹرن لے کر صدر کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران متبادل راستوں کا انتخاب کریں تاکہ غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے۔


















