سیکیورٹی صورتحال اور ممکنہ رکاوٹوں کے باعث امریکی مشن نے اپنے آپریشنز سے متعلق آفیشل ویب سائٹ پر اہم الرٹ جاری کر دیا۔
امریکی مشن کے مطابق ٹریفک کی تبدیلی اور دیگر رکاوٹوں کے باعث امریکی قونصلیٹ کراچی اور لاہور نے آج ہونے والی تمام ویزہ اپائنٹمنٹس اور دیگر قونصلر سروسز منسوخ کر دی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی قونصلیٹ پشاور نے 2 مارچ سے اپنی تمام کارروائیاں عارضی طور پر معطل کر رکھی ہیں۔ تاہم وفاقی دارالحکومت میں قائم ایمبیسی آج معمول کے مطابق کام جاری رکھے گی، یہیں سے پشاور کے شہریوں کو بھی خدمات فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: امریکا نے اپنے سفارتی عملے کو فوری طور پر اسرائیل چھوڑنے کا حکم دے دیا
امریکی مشن کا کہنا ہے کہ کراچی اور لاہور میں منسوخ ہونے والی اپائنٹمنٹس کے حوالے سے شہریوں کو جلد نئی تاریخوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
علاوہ ازیں پاکستان میں مقیم امریکی شہریوں کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ باہر نکلتے وقت اپنی شناختی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور مقامی پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔
امریکی مشن نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی بڑے عوامی اجتماع یا احتجاجی مقام پر جانے سے گریز کریں اور ای میل و مقامی میڈیا کے ذریعے بدلتی صورتحال سے باخبر رہیں۔

















