وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے ایک بیان میں کہا کہ صیہونیت انسانیت کے لیے خطرہ ہے معاشی نظام پہ ان کا ایک صدی سے قبضہ ہے، بڑی طاقتیں صیہونیت کی یرغمال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کی سرزمین پہ اسرائیل کے قائم ہونے سے لیکر آج تک اسلامی دنیا پہ جو بھی قیامتیں ٹوٹیں جو بھی جنگیں مسلط ہوئیں انکے پیچھے صیہونی سوچ اور ریاست بالواسطہ یا بلا واسط کار فرما نظر آئیگی۔
وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ وطن عزیز ایک ایٹمی طاقت ہے اور ہماری افواج کا لوہا اللہ کے کرم اور مدد سے دنیا میں مانا جاتا ہے ہمارے شہیدوں اور غازیوں کا احسان ہے کہ ہماری خود مختاری محفوظ ہے، اللہ ان تما م حضرات پہ رحمتیں نازل کرے جنہوں نے ہمیں ایٹمی طاقت بنانے میں کردار اداکیا، نواز شریف کی ہمت کو سلام جس نے ایٹمی دھماکے کیے۔
یہ بھی پڑھیں: کیا پاکستان اب بھی افغانستان کے خلاف کارروائی نہ کرے؟
انہوں نے کہا کہ ایران کی معاہدے پہ رضا مندی کے باوجود ان پہ جنگ مسلط کی گئی ہے، صیہونیوں کے ترتیب شدہ ایجنڈے یہ بھی شامل ہے کہ اسرائیل کا اثر و رسوخ پاکستان کی سرحد تک لایا جائے، جبکہ افغانستان ایران اور ہندوستان سب کے مشترکہ ایجنڈا کی بنیاد پاکستان دشمنی ہو ہماری سرحدیں غیر محفوظ ہو جائیں، ہر طرف سے دشمنوں میں گھر جائے اور پاکستا ن ایک دست نگر ریاست بن جائے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ 25کروڑ پاکستانیوں کو وہ کسی بھی مکتبہ فکر سے رکھتے ہوں، اختلافات کے باوجود اس سازش اور ازلی دشمنوں کے عزائم کو سمجھنے کی ضرورت ہے، اللہ عالم اسلام کو اتحاد دے دشمن پہچاننے کی توفیق دے۔ فلسطین آزاد ہو، میرا وطن تا قیامت قائم رکھے، پاک مٹی کے محافظوں کو اپنے سائے میں رکھے ان کا حامی و ناصر ہو۔



















