کراچی میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے 139 اہم سڑکوں کی بحالی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ کی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں شہر کی ترقی اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ 13 ارب روپے کی لاگت سے کراچی کے مختلف علاقوں میں سڑکوں کی ری ہیبلیٹیشن کی جائے گی۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ہدایت دی گئی ہے کہ آج ہی ٹینڈرز جاری کیے جائیں تاکہ کام کا آغاز فوری طور پر ممکن بنایا جا سکے۔ حکام کے مطابق منصوبے کی تکمیل سے شہر کی ٹریفک روانی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر شہر کے انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور اسی سال کراچی میں واضح تبدیلی نظر آئے گی۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے منصوبے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی ہیں اور جلد عملی کام شروع ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی مرمت کے ساتھ ساتھ اسٹریٹ لائٹس کو سولرائز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس سے توانائی کی بچت اور روشنی کے نظام میں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں محکمہ لوکل گورنمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولت فراہم کی جا سکے۔

















