افغان طالبان کی بلا اشتعال جارحیت کے خلاف پاکستان بھرپور زمینی اور فضائی کارروائیاں جاری رکھا ہوا ہے، معروف امریکی جریدے نیویارک ٹائمز نے بھی آپریشن غضب للحق میں پاکستان کی بڑی کامیابی کی تصدیق کردی۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق پاکستان نے افغانستان کے اہم ترین بگرام ایئربیس کو کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستانی حملے میں بگرام ایئربیس کا ایک ایئرکرافٹ ہینگر 2 ویئر ہاوس تباہ ہوئے جن کی سیٹلائٹ تصاویر بھی سامنے آگئیں۔
امریکی جریدے نے بتایا کہ افغانستان کی وزارت دفاع نے بھی پاکستانی فضائی حملے کی تصدیق کردی، پاکستان نے گزشتہ ایک ہفتے میں افغانستان کے فوجی اہداف پر 50 سے زائد فضائی حملے کیے ہیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق افغانستان میں فتنہ الخوارج کی موجودگی کے شواہد اقوامِ متحدہ کی رپورٹس میں بارہا پیش کیے جا چکے ہیں۔
دفاعی ماہرین کے مطابق بگرام ایئربیس پر پاکستان کی کامیاب کارروائی نے افغان طالبان رجیم کو بھاری نقصان پہنچایا ہے، بگرام ایئربیس کو نشانہ بناکر پاکستان نے افغان طالبان رجیم کو واضح پیغام دیا کہ وہ افغانستان میں کہیں بھی کارروائی کرسکتا ہے۔
ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کی بارہا تنبیہ کے باوجود افغانستان سے مسلسل دہشت گردی جاری ہے جس میں امریکی چھوڑا گیا اسلحہ بھی استعمال ہوتا رہا ہے۔

















