کراچی میں امریکی قونصل خانے کے اطراف سیکیورٹی انتظامات کے باعث مسلسل تیسرے روز بھی متعدد اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے بند ہیں، جس کے نتیجے میں شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر مائی کولاچی روڈ کو بھی بند کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بوٹ بیسن، تین تلوار اور جناح برج کے متبادل راستے استعمال کریں تاکہ ٹریفک کے دباؤ میں کمی لائی جاسکے۔
اس کے علاوہ سلطان آباد اور نیٹی جیٹی کے علاقوں میں بھی کنٹینرز رکھ کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ قونصل خانے کے اطراف پولیس، رینجرز اور ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات ہے جبکہ علاقے میں سخت نگرانی جاری ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی امریکی قونصل خانے کے گرد و نواح کی سڑکوں پر شدید ٹریفک دباؤ دیکھنے میں آیا تھا، جس کے باعث شہریوں کو طویل انتظار اور سفری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔




















