راولپنڈی: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افغانستان کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا کا دورہ کیا اور مغربی سرحد پر سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیا جب کہ کور کمانڈر پشاور نے وانا آمد پر ان کا استقبال کیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے وطن کے دفاع میں عظیم قربانیاں پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کی قربانیاں پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی بنیاد ہیں۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل کو سیکیورٹی صورتحال، جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور بارڈر مینجمنٹ کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں آپریشن ’’غضب للحق‘‘ اور پاک افغان سرحد پر پیش رفت کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے اگلے مورچوں پر تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل مستعدی اور بلند حوصلے کو سراہا۔ انہوں نے جاری جھڑپوں کے دوران افواج کی ثابت قدمی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے عزم کو بھی سراہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ افغان سرزمین کا فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی جانب سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ناقابل قبول ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے درپیش خطرات کے خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیام امن اسی صورت ممکن ہے جب افغان طالبان دہشت گردی اور دہشت گرد تنظیموں کی حمایت ترک کریں۔
فیلڈ مارشل نے پاک افغان سرحد پر تعینات فارمیشنز کی جنگی تیاری، باہمی ہم آہنگی اور استقامت پر بھی مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

















