Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں عید شاپنگ کے دوران ٹریفک پلان جاری، اہم شاہراہوں اور مارکیٹوں پر اضافی نفری تعینات

شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے

کراچی: عید الفطر کی خریداری کے پیش نظر کراچی ٹریفک پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں کے لیے خصوصی ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے جبکہ اہم اور مصروف مارکیٹوں سمیت مرکزی شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ کے مطابق آج سے شہر کے مختلف اضلاع میں تعینات سیکشن آفیسرز اور ٹریفک اسٹاف روزانہ شام 7 بجے سے شاپنگ سینٹرز اور مارکیٹوں میں رات گئے تک کاروباری سرگرمیوں کے اختتام تک اپنے فرائض انجام دیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق عید خریداری کے دوران بعض اہم شاہراہوں پر رکشہ، ٹیکسی اور کمرشل گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ اللہ والی چورنگی سے اتحاد سگنل تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا جبکہ کمرشل گاڑیوں کو اللہ والی سے نورانی سگنل، میڈی کیر اور شہید ملت روڈ کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ڈرگ روڈ سے آنے والی ٹریفک میلینیم برج کے ذریعے نیپا جا سکے گی تاہم برج کے نیچے رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ حیدری مارکیٹ پر رش کی صورت میں نارتھ کراچی سے آنے والی کمرشل ٹریفک فائیو اسٹار چورنگی سے شارع نورجہاں اور لنڈی کوتل چورنگی کا راستہ اختیار کر سکے گی۔

اسی طرح بورڈ آفس سے آنے والی ٹریفک کو کے ڈی اے چورنگی، ضیاءالدین چورنگی اور شارع نورجہاں کے ذریعے نارتھ کراچی جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

صدر کے علاقے میں فوارہ سے جی پی او اور سنگر چوک سے زیب النساء اسٹریٹ تک رکشہ اور ٹیکسی کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ رکشہ، ٹیکسی یا کمرشل گاڑیوں کے لیے متبادل راستوں میں فوارہ سے ایم آر کیانی چوک، سرور شہید روڈ، کوسٹ گارڈ سے ریگل اور تبت سینٹر شامل ہیں جبکہ ایم اے جناح روڈ سے آنے والی ٹریفک سنگر چوک، پریڈی اسٹریٹ اور صدر دواخانہ کا روٹ استعمال کر سکے گی۔

مزید برآں تبت چوک سے عیدگاہ چوک جامع کلاتھ تک بھی رکشہ اور ٹیکسی کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی جبکہ کمرشل گاڑیوں کو اردو بازار سے کورٹ روڈ چوک یا فریسکو چوک کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق رش کی صورت میں کلفٹن برج سے آنے والی ٹریفک تین تلوار، ریس کورس یا چوہدری خلیق الزمان روڈ استعمال کر سکے گی جبکہ کے پی ٹی انڈر پاس سے آنے والی ٹریفک باتھ آئی لینڈ سے کلفٹن برج کا راستہ اختیار کرے گی۔

اس کے علاوہ مین راشد منہاس روڈ پر بھی رکشہ اور ٹیکسی کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ رکشہ، ٹیکسی اور کمرشل گاڑیوں کو سجن کانٹا سے سرفراز غوری روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہر بھر میں سپر مارکیٹس کے اطراف رکشہ اور ٹیکسی کے غیر قانونی اسٹینڈ قائم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

ڈی آئی جی ٹریفک نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جاری کردہ ٹریفک پلان پر مکمل عمل درآمد کریں تاکہ شہر میں ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔

متعلقہ خبریں