اسلام آباد: سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی نیب ترمیمی بل 2026 کثرت رائے سے منظور کرلیا۔
قومی اسمبلی میں یہ بل رکن قومی اسمبلی مہہ جبین نے پیش کیا جسے ایوان میں پیش کیا گیا تاہم اپوزیشن نے اس بل کی مخالفت کی۔ بل کی منظوری سے موجودہ چیئرمین نیب کو تین سال کی مزید توسیع مل گئی ہے۔
اس بل میں وفاقی حکومت کو چیئرمین نیب کی مدت میں مزید تین سال توسیع کا اختیار دینے کی تجویز شامل ہے۔ بل کے متن کے مطابق احتساب عدالتوں کے دائرہ اختیار میں اپیلیں شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ نیب مقدمات میں مالی حد ہر سال مہنگائی کے مطابق ایڈجسٹ کرنے کی تجویز بھی شامل ہے جس کے تحت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے انفلیشن انڈیکس کے مطابق مالی حد مقرر ہوگی۔
بل میں احتساب عدالت اور ہائی کورٹ کو ملزم کی ضمانت کا واضح اختیار دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔ فوجداری ضابطہ کی متعلقہ دفعات کے تحت ضمانت یا رہائی کا اختیار دیا جائے گا۔
مزید برآں نیب کیسز میں ہائی کورٹ کے فیصلوں کے خلاف دوسری اپیل کی اجازت دینے کی تجویز بھی شامل ہے۔
ہائی کورٹ فیصلے کے خلاف وفاقی آئینی عدالت میں دوسری اپیل دائر کی جاسکے گی جس کے لیے تیس دن کی مدت مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ بل قومی اسمبلی سے منظور ہونے کے بعد اب صدر مملکت کو دستخط کے لیے بھیجا جائے گا۔



















