خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر حکومت پاکستان نے ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے انخلاء اور بیرونِ ملک پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ایران سے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلاء کے لیے پیشگی انتظامات کر لیے گئے ہیں جبکہ دفتر خارجہ کا کرائسز مینجمنٹ یونٹ چوبیس گھنٹے صورتحال کی نگرانی اور پاکستانیوں کی مدد کے لیے متحرک ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی فسیلیٹیشن ڈیسک قائم کر دیے گئے ہیں جو پاکستانی شہریوں کو ویزا سہولت، سفری انتظامات اور لاجسٹک معاونت فراہم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانوں کی جانب سے رجسٹریشن پورٹلز، موبائل ایپلی کیشنز اور ہیلپ لائنز بھی قائم کر دی گئی ہیں تاکہ بیرونِ ملک موجود پاکستانی فوری رابطہ کر سکیں اور انہیں ضروری قونصلر سہولت فراہم کی جا سکے۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی سفارتخانے میزبان ممالک کی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطے میں ہیں تاکہ پاکستانی شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فضائی رابطے جزوی طور پر بحال ہونے کے بعد بیرونِ ملک پھنسے پاکستانی کمرشل پروازوں کے ذریعے وطن واپسی شروع کر چکے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کی محفوظ واپسی کو یقینی بنانے کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔ اس حوالے سے ہنگامی رابطہ نمبرز اور دیگر تفصیلات دفتر خارجہ اور متعلقہ سفارتخانوں کی ویب سائٹس پر جاری کر دی گئی ہیں۔


















