آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر جمعۃ المبارک کے موقع پر صوبہ بھر میں سیکیورٹی کے غیر معمولی اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ نمازِ جمعہ کے دوران تمام مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ نماز کے بعد ممکنہ ریلیوں، جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے بھی تھانہ کی سطح پر جامع اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
انہوں نے تمام سپروائزری افسران کو فیلڈ میں موجود رہنے اور سیکیورٹی اقدامات کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کرنے کے ساتھ ساتھ موبائل گشت اور اسنیپ چیکنگ میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔
آئی جی سندھ نے مزید ہدایت کی کہ سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے اور کنٹرول رومز کو ہائی الرٹ رکھا جائے جبکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے اور انٹیلی جنس شیئرنگ کے عمل کو مزید تیز کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ رضاکاروں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھا جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹا جا سکے۔
آئی جی سندھ نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی تھانے یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں کیونکہ عوام کا تعاون ہی امن و امان کے قیام کی ضمانت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کے قیام میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


















