لاہور: پنجاب میں معدنیات اور قدرتی ذخائر کی تلاش اب جدید سیٹیلائٹ اور جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔
ترجمان پی بی آئی ٹی کے مطابق ٹورنٹو میں پی بی آئی ٹی اور کینیڈین ایکسیوم گروپ کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے جس کے بعد معدنیات اور قدرتی ذخائر کی تلاش اب جدید سیٹیلائٹ اور جیو اسپیشل ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔
ترجمان نے بتایا کہ معاہدے کی یادداشت پر چیئرمین پی بی آئی ٹی محمد منتہیٰ اشرف اور صدر و سی ای او ایکسیوم گروپ ڈوگ اینگڈیل نے دستخط کیے، وزیراعلیٰ کا ویژن، پنجاب میں معدنیات کے شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کر کے ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کرنا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ معاہدے کے مطابق سیٹلائٹ ڈیٹا کو قابلِ عمل معلومات میں تبدیل کیا جائے گا، سیٹلائٹ جدید ریموٹ سینسنگ اور جغرافیائی تجزیات سے وسائل کی نشاندہی کرے گی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ جیو اسپیشل اینالیٹکس سے پنجاب میں وسائل کی بہتر منصوبہ بندی ہوگی جب کہ معاہدے کو پبلک سیکٹر اور جدید ٹیکنالوجی کا اہم اشتراک ہے۔
اس موقع پر چیئرمین پی بی آئی ٹی محمد منتہا اشرف نے کہا کہ حکومت ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے سنجیدہ ہے، عالمی شراکت داریوں سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔


















