Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حکومت کا ورک فرام ہوم، کار پولنگ اور آن لائن تعلیم متعارف کرانے کا منصوبہ زیر غور

اجلاس میں ایل پی جی اور ایل این جی کی سپلائی چین کا بھی جائزہ لیا گیا

عالمی سطح پر توانائی مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال اور ایندھن کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیش نظر وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی طلب کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات پر غور شروع کر دیا ہے، جن میں ورک فرام ہوم، کار پولنگ اور آن لائن تعلیم جیسی تجاویز شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی ایک کمیٹی نے پیٹرول کی قیمتوں کی نگرانی کے ساتھ ساتھ ایندھن کے استعمال میں کمی کے لیے قومی ایکشن پلان کو حتمی شکل دے دی ہے، جسے منظوری کیلئے وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کیا جائے گا۔

حکومتی حکام کے مطابق 8 مارچ سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا ہفتہ وار جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے تاکہ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے مطابق بروقت فیصلے کیے جا سکیں۔

مجوزہ منصوبے کے تحت پیٹرول کی بچت کیلئے کورونا وبا کے دوران اپنائے گئے اقدامات جیسے ورک فرام ہوم، کار پولنگ اور آن لائن تعلیم کو دوبارہ متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

کمیٹی نے جائزہ اجلاس میں بتایا کہ ملک میں پیٹرولیم ذخائر اس وقت کافی ہیں تاہم عالمی توانائی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ اور شپنگ اخراجات میں اضافے کے باعث صورتحال پر کڑی نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔

حکام نے متبادل تیل سپلائی روٹس، بروقت لاجسٹکس اور بین الاقوامی سطح پر مربوط خریداری کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی جاری رہ سکے اور بڑے شہروں میں کسی ممکنہ قلت سے بچا جا سکے۔

اس کے علاوہ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ذخیرہ اندوزی، غیر قانونی ذخیرہ، اسمگلنگ اور سپلائی میں رکاوٹوں کی روک تھام کیلئے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس میں ایل پی جی اور ایل این جی کی سپلائی چین کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ ضروری شعبوں اور صنعتوں کو ترجیح دیتے ہوئے توانائی کی طلب کے مؤثر انتظام پر بھی غور کیا گیا۔

متعلقہ خبریں