پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیر اعظم کی جانب سے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کے اعلان کو مسترد کرتے ہوئے اسے بلاجواز قرار دے دیا ہے۔
پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے نائب چیئرمین نعمان بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پیٹرول پمپ مالکان مصنوعی قلت پیدا نہیں کر رہے اور ملک بھر کے پمپس پر پیٹرول اور ڈیزل کی فروخت معمول کے مطابق جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیٹرول پمپس پر جتنا پیٹرول آ رہا ہے وہ فوری طور پر فروخت ہو رہا ہے، کوئی بھی پمپ پیٹرول یا ڈیزل ذخیرہ نہیں کر رہا۔
نعمان بٹ کے مطابق جس حساب سے سپلائی فراہم کی جا رہی ہے اسی تناسب سے پیٹرول دستیاب ہے، اس لیے پیٹرول پمپس کے خلاف کارروائی کا جواز سمجھ نہیں آتا۔
پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اگر کارروائی کرنی ہے تو آئل سپلائی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کی جائے اور سپلائی و ڈیمانڈ کی منصوبہ بندی کرنے والے ذمہ داران کا احتساب کیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے مزید کہا کہ پیٹرول پمپس کے لائسنس منسوخ کرنے کی بات بھی بلاجواز ہے اور حکومت کو اس معاملے پر حقائق کو مدنظر رکھنا چاہیے۔



















