Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پیٹرول کی قیمتوں کا اب ہفتہ وار جائزہ، 7 مارچ کو اضافے کا امکان، رانا احسان

اس وقت پاکستان کے پاس 25 سے 28 دن کا پیٹرولیم ذخیرہ موجود ہے، کوآرڈی نیٹر

وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر رانا احسان نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر اب ہفتہ وار نظرثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 7 مارچ کو پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔

رانا احسان کے مطابق وزیراعظم نے عالمی اور مقامی سطح پر پیٹرولیم صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی ہے جو قیمتوں اور سپلائی سے متعلق معاملات کی نگرانی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں جس کے اثرات پاکستان پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول پر 50 فیصد کٹ نہیں لگایا اور اس حوالے سے گردش کرنے والی خبروں میں صداقت نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان کے پاس 25 سے 28 دن کا پیٹرولیم ذخیرہ موجود ہے اور مارچ کے لیے بھی پیٹرول کا مناسب اسٹاک دستیاب ہے۔

رانا احسان نے کہا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوسط طلب کے مطابق پیٹرول فراہم کریں، کیونکہ بعض اوقات کم قیمت پر خریدا گیا پیٹرول بعد میں مہنگا فروخت کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی سطح پر کروڈ آئل کی قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے تو حکومت کو بھی قیمتیں بڑھانا پڑتی ہیں، تاہم حکومت درآمدی بل کو قابو میں رکھنے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لے رہی ہے۔

وزیراعظم نے آج اس حوالے سے ابتدائی تجاویز سنی ہیں جبکہ آئندہ ہفتے اس پر مزید مشاورت کی جائے گی۔

دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ امریکا میں خام تیل کی قیمت 90 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی ہے جو اپریل 2024 کے بعد پہلی بار 86 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث عالمی آئل مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے جبکہ قطر کے وزیر توانائی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی تو تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل تک بھی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں