Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی میں دودھ 100 روپے مہنگا ہونے کا خدشہ، ڈیری فارمرز کا قیمت فوری بڑھانے کا مطالبہ

صورتحال برقرار رہی تو شہر میں دودھ کی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے

ڈیری فارمرز نے مہنگائی اور بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت کو جواز بناتے ہوئے دودھ کی قیمت میں 100 روپے سے زائد اضافے کا مطالبہ کردیا ہے۔

ترجمان ڈیری فارمرز شبیر ڈار کے مطابق کراچی میں دودھ کی قیمت اور اس کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوچکا ہے جس کے باعث ڈیری فارمرز شدید معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو شہر میں دودھ کی سپلائی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔

شبیر ڈار کے مطابق فی لیٹر دودھ کی پیداواری لاگت 294 روپے سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ سرکاری نرخ کے تحت ڈیری فارمرز کو تقریباً 200 روپے فی لیٹر دودھ مل رہا ہے، جس کی وجہ سے فارمرز کو مسلسل نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چارے کی قیمتوں میں اضافہ، بجلی اور پانی کے اخراجات، جانوروں کی دیکھ بھال، ادویات، ٹرانسپورٹ اور مزدوری کے بڑھتے ہوئے خرچ نے ڈیری فارمنگ کو مشکل ترین کاروبار بنا دیا ہے۔

ترجمان ڈیری فارمرز کا کہنا تھا کہ اگر پیداواری لاگت اور آمدن میں یہی فرق برقرار رہا تو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کئی ڈیری فارمز بند ہوسکتے ہیں، جس سے دودھ کی پیداوار میں کمی اور مارکیٹ میں قلت پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر فارمز بند ہوئے تو دودھ کی قیمت میں اچانک بڑا اضافہ بھی ہوسکتا ہے جس کا براہِ راست اثر عام شہریوں پر پڑے گا۔

ڈیری فارمرز نے حکومت اور کمشنر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے دودھ کی قیمت میں مناسب اضافہ کیا جائے تاکہ فارمرز کو درپیش معاشی مشکلات کم ہوسکیں۔