بول نیٹ ورک نے عوام کی توجہ ایک اہم معاملے کی جانب مبذول کراتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بعض عناصر سوشل میڈیا، فون کالز اور پیغامات کے ذریعے بول نیوز کے نام پر گیم شو اور انعامات کا جھانسہ دے کر شہریوں سے رقم اور ذاتی معلومات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بول نیٹ ورک کی جانب سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اس نوعیت کی تمام سرگرمیاں جعلی اور فراڈ پر مبنی ہیں اور ان کا بول نیٹ ورک یا بول نیوز سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

بیان کے مطابق چند نامعلوم افراد خود کو بول نیوز کے گیم شو کا نمائندہ ظاہر کر کے مختلف انعامات جیتنے کے بہانے شہریوں سے رجسٹریشن فیس یا دیگر مد میں رقم طلب کر رہے ہیں، جو سراسر دھوکہ دہی ہے۔
بول نیٹ ورک نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی نامعلوم نمبر یا غیر مصدقہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے موصول ہونے والی معلومات پر ہرگز یقین نہ کریں اور بول نیوز کے نام پر کسی بھی قسم کی فیس، رجسٹریشن چارجز یا رقم ادا کرنے سے گریز کریں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر کسی شخص کو اس طرح کی کال یا پیغام موصول ہو تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دی جائے تاکہ فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔
بول نیٹ ورک کے مطابق ادارہ اس معاملے کو انتہائی سنجیدگی سے لے رہا ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اس فراڈ میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بول نیٹ ورک نے عوام کو یقین دلایا ہے کہ ادارہ ہمیشہ شفافیت، ذمہ دارانہ صحافت اور عوام کے اعتماد کو اولین ترجیح دیتا ہے اور شہری کسی بھی معلومات کے لیے صرف بول نیوز کے مصدقہ پلیٹ فارمز اور آفیشل ذرائع پر ہی اعتماد کریں۔



















