شہر قائد میں دودھ کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، ڈیری فارمرز نے عید کے فوراً بعد فی لیٹر دودھ کی قیمت 300 روپے کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
کراچی ڈیری فارمرز ایسوسی ایشن کے ترجمان غلام شبیر ڈار کے مطابق دودھ کی فی کلو پیداواری لاگت اس وقت تقریباً 295 روپے تک پہنچ چکی ہے جس کے باعث موجودہ قیمت پر دودھ فروخت کرنا فارمرز کے لیے ممکن نہیں رہا۔
انہوں نے کہا کہ جانوروں کی قیمتوں، فیڈ، چارے اور ادویات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ دیگر اخراجات بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جس کی وجہ سے فارمرز شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں۔
ترجمان کے مطابق بڑھتی ہوئی ان پٹ کاسٹ کے باوجود حکومت کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام نہیں کیا گیا جس کے باعث کراچی کے متعدد ڈیری فارمرز دیوالیہ ہونے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔
غلام شبیر ڈار کا کہنا تھا کہ دودھ کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے کمشنر کراچی اور ڈپٹی میئر کو متعدد بار خطوط بھی لکھے جا چکے ہیں، تاہم اب تک سرکاری سطح پر قیمت بڑھانے کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر صورتحال یہی رہی تو عید کے فوراً بعد دودھ کی قیمت میں تقریباً 80 روپے فی لیٹر تک اضافہ کر دیا جائے گا جس کے بعد کراچی میں دودھ 300 روپے فی لیٹر تک پہنچ سکتا ہے۔



















