Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پنجاب کے بعد سندھ میں بھی تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کے مطابق یہ بندش 16 مارچ سے 31 مارچ تک نافذ العمل ہوگی۔

کراچی: پنجاب کے بعد سندھ میں بھی تعلیمی ادارے 16 مارچ سے بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مشرق وسطیٰ کی جنگی صورتحال کے باعث ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ حکومت نے صوبے بھر میں تعلیمی ادارے بند رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن کے مطابق یہ بندش 16 مارچ سے 31 مارچ تک نافذ العمل ہوگی جب کہ پنجاب کے بعد سندھ میں یہ فیصلہ توانائی کے تحفظ اور ایندھن کی بچت کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

تاہم وزیراطلاعات نے واضح کیا کہ اسکول بند ہونے کے باوجود امتحانات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے جب کہ کالج اور یونیورسٹیوں میں آن لائن کلاسز کا سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کی زیرصدارت کابینہ اجلاس میں اسکولوں کے لیے ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کی منظوری دے دی گئی۔ کابینہ نے اسٹوڈنٹ اٹینڈنس مانیٹرنگ اینڈ ریڈریس سسٹم پالیسی منظور کرلی۔

ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق موبائل ایپ اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے طلبہ کی حاضری اور داخلوں کا ریکارڈ رکھا جائے گا۔ اس نظام سے طلبہ کی غیرحاضری اور ڈراپ آؤٹ کی شرح میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

کابینہ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم ایک سال کے دوران سندھ کے تمام اسکولوں میں نافذ کردیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں