Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حضرت علیؓ کا یوم شہادت؛ ملک بھر میں مجالس و جلوس، سیکیورٹی ہائی الرٹ

کراچی میں یومِ علی کے مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلسِ عزا منعقد کی جائے گی

حضرت علیؓ کا یومِ شہادت آج ملک بھر میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر مختلف چھوٹے بڑے شہروں میں جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔

تاریخِ اسلام کے عظیم سپہ سالار، فاتح خیبر اور دامادِ رسولﷺ حضرت علیؓ کو کوفہ کی مسجد میں 19 رمضان المبارک کو نماز کے دوران زخمی کیا گیا تھا اور آپ 21 رمضان کو شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔

کراچی میں یومِ علی کے مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلسِ عزا منعقد کی جائے گی، جس کے بعد جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

 جلوس کے پیش نظر صدر کی مختلف سڑکوں اور گلیوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ راولپنڈی میں یومِ علی کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کرنل مقبول پہنچ کر اختتام پذیر ہو گیا جبکہ پشاور میں جلوس امام بارگاہ سید عالم شاہ سے برآمد ہو کر کوچی بازار سے گزرتا ہوا دوبارہ وہیں اختتام پذیر ہوا۔

دریں اثنا وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے کراچی میں یومِ علی کے جلوس کے روٹ اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو غیر معمولی سیکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے 28 فروری کے واقعے کے حوالے سے کہا کہ اس کی انکوائری جاری ہے اور حتمی نتائج سامنے آنے سے قبل کسی کو ذمہ دار قرار نہیں دیا جا سکتا۔ پولیس افسران کے تبادلے انتظامی معاملہ ہیں۔

واضح رہے کہ 28 فروری کو کراچی میں امریکی قونصلیٹ کے قریب فائرنگ کے واقعے میں 11 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں