اسلام آباد: رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف میں کمی ہوگی یا نہیں؟ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے اب تک گرین سگنل نہیں دیا۔
ذرائع کے مطابق معاشی ٹیم اور آئی ایم ایف کے درمیان آج اقتصادی جائزے کے مذاکرات کا آخری روز ہے، جس میں ورچوئل میٹنگز کے ذریعے اہم امور پر بریفنگ دی جا رہی ہے۔
نئے بجٹ کے لیے ٹیکس تجاویز اور ملکی معاشی صورتحال آئی ایم ایف کے سامنے پیش کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے حتمی مذاکرات بھی آج ہونے کا امکان ہے جبکہ سپر ٹیکس کے خاتمے کا معاملہ بھی آئی ایم ایف کی منظوری سے مشروط ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر، امیر طبقے اور پراپرٹی سے حاصل ہونے والی آمدن پر ٹیکس میں کمی کی تجاویز زیر غور ہیں۔
تاہم، مذاکرات مکمل ہونے کے بعد وزارت خزانہ اور آئی ایم ایف کی جانب سے مشترکہ اعلامیہ جاری کرنے کی توقع ہے۔



















