Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

فرید احمد تارڑ کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کے نئے چیئرمین مقرر

فرید احمد تارڑ پاکستان کے کمرشل قونصلر برائے روم کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں

وفاقی حکومت نے فرید احمد تارڑ کو کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) کا نیا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔

فرید احمد تارڑ کو پبلک فنانشل مینجمنٹ اور ریگولیٹری اصلاحات کے شعبے میں وسیع تجربہ حاصل ہے اور وہ مختلف قومی و بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اہم اصلاحاتی منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔

انہوں نے یورپی یونین کے پبلک فنانشل مینجمنٹ پروگرام میں بطور ٹیم لیڈر خدمات انجام دیں جبکہ  فارن کامن ویلتھ اینڈ ڈویلمپنٹ آفس کے سیڈ پروگرام میں اسٹریٹجک پالیسی ایڈوائزر کے طور پر بھی کام کیا۔

اس کے علاوہ یونیسیف کے تعاون سے مالیاتی نظام کو مضبوط بنانے کے منصوبے کی قیادت بھی کی۔

فرید احمد تارڑ پاکستان کے کمرشل قونصلر برائے روم کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور جی ایس پی پلس کے عمل کے دوران یورپی یونین کے ساتھ پاکستان کے معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔

سرکاری خدمات کے دوران وہ حکومت پنجاب میں سیکرٹری اور پنجاب ریونیو اتھارٹی کے رکن بھی رہ چکے ہیں جبکہ آزاد جموں و کشمیر میں فنانس سیکرٹری کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔

فرید احمد تارڑ مانچسٹر بزنس اسکول سے اکاؤنٹنگ اینڈ فنانس میں ماسٹرز ڈگری کے حامل ہیں۔ انہوں نے سندھ پبلک فنانشل مینجمنٹ ریفارم اسٹریٹیجی اور سندھ ٹیکس ریونیو موبلائزیشن پلان کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

متعلقہ خبریں