Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان اور آئی ایم ایف میں اسٹاف لیول معاہدہ نہ ہوسکا؛ مذاکرات جاری رکھنے کا اعلان

پاکستانی حکام اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے

اسلام آباد: پاکستانی حکام اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اقتصادی مذاکرات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں پاکستان کے قرض پروگرام کے تیسرے جائزے پر مشاورت کی جا رہی ہے۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے اعلامیے کے مطابق آئی ایم ایف کے وفد کی قیادت ایوا پیٹرووا کر رہی ہیں جبکہ مذاکرات کراچی اور اسلام آباد میں منعقد ہوئے۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ پروگرام پر عملدرآمد مجموعی طور پر طے شدہ وعدوں کے مطابق رہا ہے، تاہم مذاکرات کے دوران پاکستان کے مالیاتی خسارے کو کم کرنے اور سرکاری مالیات کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

آئی ایم ایف نے مہنگائی کو قابو میں رکھنے کے لیے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے پر زور دیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق مذاکرات میں توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور اس کی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔

 اس کے علاوہ سماجی تحفظ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں اخراجات بڑھانے کے حوالے سے بھی پاکستان کی معاشی ٹیم سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

آئی ایم ایف حکام کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی جانب سے اصلاحاتی اقدامات میں پیشرفت دیکھنے میں آئی ہے۔

اعلامیے میں مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ عالمی سطح پر توانائی کی بڑھتی قیمتوں اور مالی دباؤ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔

تاہم، آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان مذاکرات آئندہ چند دنوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔