اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت آج چند گھنٹوں کے لیے معطل رہے گی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اس حوالے سے نوٹم جاری کیا ہے جس کے مطابق لاہور فلائٹ انفارمیشن ریجن میں بعض فضائی راستے عارضی طور پر دستیاب نہیں ہوں گے، جس کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہونے کا امکان ہے۔
پی اے اے کا کہنا ہے کہ آپریشنل وجوہات کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر صبح 10 بجے سے دوپہر 1 بج کر 15 منٹ تک پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ چند فضائی راستوں کی بندش کے باعث پروازوں کے شیڈول میں خلل پڑ سکتا ہے۔ ایئرلائنز کو ممکنہ تاخیر کے پیش نظر اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔

















