کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ڈرنے والے شخص نہیں ہیں اور ان لوگوں کو ڈرنا چاہیے جن کے سارے راز وہ جانتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں گونگا، بہرا اور ڈمی گورنر نہیں تھا اور نہ رہنا چاہتا ہوں۔ میں جب گورنر بنا تھا تو وعدہ کیا تھا کہ اللہ کی رضا کے لیے کام کروں گا۔
گل پلازہ کی آواز اٹھانے اور پریس کانفرنس کرنے پر سزا دی جارہی ہے تو دے دیں۔ ایسے 10 گل پلازہ کے لیے آواز اٹھاؤں گا اور ایسی 10 پریس کانفرنسیں کروں گا۔
انہوں نے نہال ہاشمی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ جو گورنر ہاؤس میں کام انیشیٹو شروع کیے تھے، چاہتا ہوں وہ جاری رہیں۔ مجھے اس شہر اور صوبے نے بہت محبت دی ہے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ میں تاجر برادری اور علماء کرام کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرا ساتھ دیا۔ سیاست کی بات رہی تو ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری دھرتی کا دلیر بیٹا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ ملک کی معیشت پروان چڑھے۔ میرا گھر عوام کے لیے حاضر ہے۔
آخر میں گورنر سندھ نے کہا کہ گورنر ہاؤس میں میری مہمان نوازی میں یہ آخری افطار تھی۔ انہوں نے تمام روزے داروں سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کل سے یہ مہمان نوازی نہیں کرسکتا۔

















