Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے اہم ملاقات

دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آج جدہ میں مملکتِ سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم، عزت مآب شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات کے آغاز میں وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین کے لیے نیک تمناؤں اور پاکستان کے لیے سعودی عرب کی طویل المدتی حمایت پر گہری ستائش کا اظہار کیا۔

دوران ملاقات وزیراعظم نے ان آزمائشی حالات میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور بھرپور حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان خطے میں حالیہ پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا اور خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مشترکہ طور پر کام جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا رہے گا، پاکستان خطے میں امن کے مشترکہ مقصد کے حصول کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔