Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

کراچی، ضلعی انتظامیہ کا ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

دودھ کی جانچ کے لیے مستقل لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

کراچی میں ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت روکنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس حوالے سے کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں شہریوں کو خالص اور معیاری دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملاوٹ شدہ دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ساتھ مشترکہ کارروائیاں کریں اور شہر بھر میں دودھ کے معیار کی کڑی نگرانی کی جائے۔

حکام کے مطابق دودھ کی جانچ کے لیے خصوصی موبائل ٹیمیں اور مختلف مقامات پر چیکنگ پوائنٹس قائم کیے جائیں گے جہاں دودھ میں پانی، ڈٹرجنٹ، یوریا اور فارملین جیسی مضر اشیاء کی ملاوٹ کی باقاعدہ جانچ کی جائے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ملیر، ضلع شرقی اور کیماڑی میں دودھ کی چیکنگ کے لیے خصوصی مہم شروع کی جائے گی تاکہ شہریوں کو صحت بخش دودھ کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

دوسری جانب لی مارکیٹ میں مضر صحت دودھ کی فروخت سے متعلق شکایات کا بھی نوٹس لیا گیا اور وہاں دودھ کی جانچ کے لیے مستقل لیبارٹری قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اجلاس میں گراں فروشی کے خلاف جاری کارروائیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ حکام کے مطابق 23 ویں رمضان کو مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 148 گراں فروشوں کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ قواعد کی خلاف ورزی پر 2 دکانوں کو سیل بھی کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں