Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

طالبان کے ڈرون حملے کے دعوے بے نقاب، پاکستانی فورسز نے دونوں ڈرون ناکارہ بنا دیے، فیکٹ چیک

ان ڈرونز سے کسی فوجی تنصیب یا دیگر اہم انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا

وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کی جانب سے کیے گئے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے سرپرست عناصر کے الزامات بے بنیاد ہیں اور حقیقت اس کے برعکس ہے۔

وزارت کی جانب سے جاری فیکٹ چیک میں بتایا گیا ہے کہ افغان طالبان کے تیار کردہ دو ڈرونز کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے الیکٹرانک کاؤنٹر میژرز کے ذریعے ناکارہ بنا دیا۔

حکام کے مطابق ان ڈرونز سے کسی فوجی تنصیب یا دیگر اہم انفراسٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

بیان کے مطابق ڈرونز کا ملبہ گرنے سے معمولی نوعیت کا نقصان ضرور ہوا، تاہم مجموعی طور پر صورتحال مکمل طور پر قابو میں رہی۔

فیکٹ چیک میں کہا گیا ہے کہ ہمیشہ کی طرح طالبان حکومت کے دعوؤں میں کوئی صداقت نہیں پائی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ طالبان کے حالیہ بیانات دراصل اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ وہ دہشت گرد گروہوں کے لیے ایک پراکسی کے طور پر کردار ادا کر رہے ہیں۔

وزارت اطلاعات کے مطابق طالبان کے دعوے اس بات کا بھی اعتراف ہیں کہ وہ بھارتی حمایت یافتہ عناصر اور شدت پسند گروہوں، جن میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان شامل ہیں، کو پناہ اور معاونت فراہم کر رہے ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ طالبان حکومت کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس، بشمول نام نہاد وزارت دفاع کے اکاؤنٹ، ماضی میں بھی جھوٹی خبروں اور پروپیگنڈا پھیلانے کے حوالے سے بدنام رہے ہیں۔

فیکٹ چیک کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے پاک فضائیہ کے طیارے گرانے اور پائلٹس کو گرفتار کرنے کے دعوے بھی بے بنیاد ثابت ہوئے، جنہیں بعد میں خاموشی سے سوشل میڈیا سے حذف کر دیا گیا۔

متعلقہ خبریں