Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیراعظم کا اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر پیغام جاری

مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلامو فوبیا کے تدارک کے عالمی دن 15 مارچ 2026 پر پیغام جاری کردیا۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ آج اسلامو فوبیا کے تدارک کا عالمی دن، دین اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب کی مذمت میں عالمی آواز ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی اسلامو فوبیا کے تدارک پر قرارداد دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف امتیازی اور نفرت انگیز سلوک کی عالمی سطح پر حوصلہ شکنی کرتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشرتی عدم برداشت، بنیادی مذہبی آزادی اور باہمی اتحاد و رواداری جیسی اقدار کو کمزور کرنے کا باعث ہے۔ آج کا دن مسلمانوں کو مذہبی تعصب اور متشدد واقعات کے خلاف تخفظ فراہم کرنے کا عالمی احساس ہے۔

وزیر اعظم کہتے ہیں کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں تفریق نہیں کرتے بلکہ باہمی احترام و ایثار پر قائم ہوتے ہیں۔ پاکستان اسلامو فوبیا پر مبنی تمام طرزعمل اس کی تمام صورتوں کی مذمت کرتا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات کے عین مطابق اور بین الاقوامی قوانین کی نظر میں تمام انسان مساوی حقوق رکھتے ہیں۔ دین ​اسلام تمام نوع انسانی کے لئے  امن و آشتی کا پیغام ہے۔ اسلام کو انتہا پسند خیالات سے منسوب کرنا صریحاً لاعلمی ہے۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ ​پاکستان نے تمام بین الاقوامی فورمز پر ہمیشہ ذمہ دارانہ انداز میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی پاکستان اقوام عالم کے مابین مذہبی رواداری اور مسلمانوں کے احساس تحفظ کے لیے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔

متعلقہ خبریں