Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لکی مروت آپریشن، ملکی اعلیٰ قیادت کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین

قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے، صدر

ضلع لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کی ہلاکت پر ملک کی اعلیٰ قیادت نے سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فتنہ الخوارج کے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا بڑی کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عزم استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے عزم ظاہر کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

دوسری جانب صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی آپریشن کی کامیابی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گرد بیرونی سرپرستی، خصوصاً بھارت کی پشت پناہی میں پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی بہادر فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی لکی مروت میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ 5 خوارجی دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کا انجام عبرتناک موت ہے اور ان کے سہولت کاروں اور سرپرستوں کو بھی کسی صورت نہیں چھوڑا جائے گا۔

متعلقہ خبریں