Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

باجوڑ میں افغان فورسز کا سول آبادی پر مارٹر گولے سے حملہ؛ چار بھائی شہید، ایک زخمی

پاک فوج افغان طالبان کے حملوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سالارزئی کے پاک افغان سرحدی علاقے لیٹی (تاری پشہ) میں سرحد پار سے مارٹر گولہ باری کے نتیجے میں چار افراد شہید جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہو گیا۔

مقامی ذرائع کے مطابق گولہ افغانستان کی جانب سے فائر کیا گیا جو ایک رہائشی مکان پر آ گرا۔ دھماکے کے نتیجے میں گھر میں موجود چار افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق شہید ہونے والوں میں ساجد، ایاز، ریاض اور معاذ شامل ہیں اور چاروں آپس میں سگے بھائی تھے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان فورسز کی جانب سے داغے گئے مارٹر گولے سرحدی علاقوں سالارزئی اور اس کے گردونواح میں گرے جس کے باعث شہری آبادی متاثر ہوئی۔

واقعے میں ایک شخص شدید زخمی بھی ہوا جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں افغان طالبان کو پاک فوج کے ہاتھوں ناکامی کا سامنا کرنے کے بعد سرحدی علاقوں میں سول آبادی کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔

واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جبکہ سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فوج افغان طالبان کے حملوں کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔