صوبائی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے شبِ قدر اور ماہِ صیام کی 27ویں شب کے موقع پر صوبے بھر میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔
وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ محافلِ شبینہ، ذکر و اذکار، خصوصی عبادات اور تکمیلِ قرآن کی تقریبات کے پیش نظر پولیس کو ہائی الرٹ رکھا جائے۔
انہوں نے ہدایت دی کہ صوبے کے تمام اضلاع میں اہم مساجد، امام بارگاہوں اور کھلے مقامات پر اضافی پولیس نفری تعینات کی جائے تاکہ عبادت گزاروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ضیاء الحسن لنجار نے کہا کہ نمازیوں اور عبادت گزاروں کی سہولت اور حفاظت کے لیے جامع سیکیورٹی پلان پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔
انہوں نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عبادت گاہوں کے اطراف مؤثر نگرانی کے لیے خصوصی ٹریفک اور پیٹرولنگ انتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر داخلہ سندھ کے مطابق سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، موبائل پیٹرولنگ اور حساس مقامات پر خصوصی نظر رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ شبِ قدر کے موقع پر امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔



















