صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے سینٹ پیٹرک ڈے کے موقع پر آئرلینڈ کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے آئرلینڈ کی صدر کیتھرین کینولی کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دن امن، درگزر اور سخاوت جیسی اعلیٰ اقدار کو فروغ دینے کی یاد دہانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئرش کمیونٹیز اس دن کو جوش و خروش سے منا رہی ہیں۔
صدر زرداری نے اپنے پیغام میں مغربی ایشیا کی صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کے باعث لاکھوں خاندان تباہی اور مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ گھروں، روزگار اور زرعی زمینوں کی تباہی انسانی المیے کو مزید بڑھا رہی ہے۔
مزید پڑھیں: صدر مملکت اور وزیر اعظم کی ملاقات؛ سیاسی، معاشی اور سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال
انہوں نے کہا کہ سینٹ پیٹرک کی زندگی معافی، امید اور مفاہمت کا پیغام دیتی ہے اور انسانیت کی اصل آزمائش امن کے قیام کے لیے جرات مندانہ کوشش ہے۔
صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ دنیا کو ہمدردی، مکالمے اور سفارت کاری کو فروغ دینا ہوگا، جبکہ پاکستان اور آئرلینڈ امن اور کثیرالجہتی تعاون کے حامی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور آئرلینڈ کے تعلقات باہمی احترام اور مشترکہ اقدار پر مبنی ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی آئندہ مزید مضبوط ہوگی۔



















