اسلام آباد: جاری خلیجی تیل بحران اور حکومت کی جانب سے اعلان کردہ کفایت شعاری اقدامات کے تناظر میں وفاقی حکومت نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 23 مارچ 2026 کو یومِ پاکستان کی پریڈ اور اس سے منسلک تمام تقریبات منعقد نہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اس دن کو وقار اور احترام کے ساتھ سادہ پرچم کشائی کی تقریبات کے ذریعے منایا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کیا جارہا ہے کہ قوم کی یومِ پاکستان کے نظریات سے وابستگی، استقامت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ساتھ وسیع تر کفایت شعاری پالیسی کو بھی برقرار رکھا جائے۔
تمام وزارتوں، ڈویژنز اور محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس موقع کو سادگی اور پروقار طریقے سے منائیں تاکہ محدود تقریبات کے باوجود اس دن کی اہمیت اور اس کا حقیقی پیغام برقرار رکھا جاسکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے توانائی کے تحفظ اور سرکاری اخراجات میں کمی کے لیے بڑے پیمانے پر کفایت شعاری کے اقدامات کا اعلان کیا تھا۔
ان اقدامات کے تحت سرکاری دفاتر میں 50 فیصد اسٹاف گھر سے کام کرنے، سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی، سرکاری عشائیوں اور افطار پارٹیوں پر پابندی، اراکین پارلیمنٹ اور اعلیٰ سرکاری افسران کی تنخواہوں میں کٹوتی سمیت کئی اقدامات شامل تھے۔
















