Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خواجہ آصف کا افغان طالبان کے دعوؤں پر شدید ردعمل

یہ وہ لوگ ہیں جو کمٹمنٹ کرتے ہیں لیکن اس کا پاس نہیں کرتے، وزیر دفاع

اسلام آباد: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان پر لگائے جانے والے الزامات پر سخت ردعمل دیتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دے دیا۔

خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ یہ دعوے ان کی طرف سے ہیں جو مساجد پر حملے کرواتے اور سر بسجود نمازیوں کو شہید کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نہتے شہریوں، مارکیٹوں اور اسکولوں کو نشانہ بنانے والے اور معصوم بچوں کو خون سے نہلانے والے کے جھوٹے دعوے ہیں۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ دعوے ان کے ہیں جن کی آمدن کا ذریعہ منشیات کی اسمگلنگ ہے۔ محسن کش لوگ اس ریاست پر حملہ آور ہیں جس نے 50 سال انہیں پناہ گاہ میسر کی۔

انہوں نے یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ان کی تین نسلوں کی مہمان نوازی کی اور ان کے لیے سپر پاور سے ٹکرا گیا۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو کمٹمنٹ کرتے ہیں لیکن اس کا پاس نہیں کرتے اور اربوں روپے تاوان مانگتے ہیں۔

وزیر دفاع نے اپنی پوسٹ کے آخر میں کہا کہ ہم نے اپنی 78 سالہ تاریخ میں بہت غلطیاں کیں لیکن ان کی مہمان نوازی سب سے بڑی غلطی تھی، اللہ ہمیں معاف کرے، آمین۔

متعلقہ خبریں