اسلام آباد میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس کل منعقد ہوگا جس میں شوال کا چاند دیکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کا اجلاس بروز جمعرات 19 مارچ 2026ء کو اسلام آباد میں وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے دفتر میں منعقد ہوگا۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد کریں گے۔
اجلاس میں ماہ شوال المکرم 1447 ہجری کے چاند کی رویت کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا اور عیدالفطر کے اعلان کا باضابطہ فیصلہ سامنے آئے گا۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں عیدالفطر کب ہوگی؟ سپارکو نے اہم پیشگوئی کردی
مرکزی اجلاس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے ہیڈکوارٹرز لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور میں منعقد کیے جائیں گے۔
اجلاس میں وزارت مذہبی امور، سپارکو، محکمہ موسمیات اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندگان بھی شریک ہوں گے۔
چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے تمام اہلِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ وہ ماہ شوال کا چاند دیکھنے کا اہتمام کریں اور چاند نظر آنے کی صورت میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔















