Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سیکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی، بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا، خاتون خودکش بمبار گرفتار

اسے خضدار پہنچ کر خودکش کارروائی انجام دینا تھی، گرفتار لڑکی

سکیورٹی اداروں نے ایک بڑی کارروائی میں ممکنہ تباہی کو ناکام بناتے ہوئے ایک خاتون خودکش بمبار کو گرفتار کر لیا، جس کے بعد دہشتگرد نیٹ ورک کے اندرونی طریقہ کار سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق گرفتار لڑکی جس نے اپنا نام لائیبہ (عرف فرزانہ) بتایا  نے اعتراف کیا کہ اسے دھوکے، ذہنی دباؤ اور ذاتی استحصال کے ذریعے شدت پسندی کی طرف مائل کیا گیا۔

اس نے بتایا کہ گزشتہ سال جولائی میں اس کا رابطہ کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ایک کمانڈر ابراہیم عرف قاضی سے ہوا، جس نے اسے خودکش حملے کے لیے تیار کیا۔

لڑکی کے بیان کے مطابق اسے نہ صرف خود حملے کیلئے آمادہ کیا گیا بلکہ مزید لڑکیوں کو اس نیٹ ورک میں شامل کرنے کا ٹاسک بھی دیا گیا۔

اس دوران اس کا رابطہ دل جان نامی شخص کے ذریعے ایک خاتون رہنما ڈاکٹر صبیحہ سے کروانے کی کوشش کی گئی، جن پر نوجوان لڑکیوں کو متاثر اور دھوکے بازی  کرنے کے الزامات سامنے آئے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق شدت پسند عناصر کمزور اور مسائل کا شکار لڑکیوں کو نشانہ بنا کر پہلے ان کا اعتماد حاصل کرتے ہیں، پھر انہیں ذہنی اور ذاتی طور پر استحصال کر کے خطرناک مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

گرفتار لڑکی نے مزید انکشاف کیا کہ اسے خضدار پہنچ کر خودکش کارروائی انجام دینا تھی، تاہم بروقت کارروائی کرتے ہوئے سکیورٹی اداروں نے اسے حراست میں لے لیا، جس سے ایک بڑی تباہی ٹل گئی۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ یہ کیس اس بات کی واضح مثال ہے کہ دہشتگرد تنظیمیں اب خواتین کو بھی اپنے نیٹ ورکس میں شامل کر کے نئے حربے استعمال کر رہی ہیں، جس کے تدارک کیلئے مزید سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں