اسلام آباد: ملک بھر میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد عید الفطر 21 مارچ کو ہوگی۔
شوال کے چاند کی رویت کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس دارالحکومت میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندوں کے علاوہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام بھی شریک ہوئے جب کہ وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیر آزاد نے دیگر ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اکثر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر نہیں آیا، یکم شوال ہفتہ کو عید الفطر ہوگی۔
مولانا عبد الخبیر آزاد کہتے ہیں کہ آئیں سب مل کر اللہ سے دعاکریں کہ وہ اسرائیل کو تباہ و برباد کرے اور اللہ پاک پاکستان کی حفاظت فرمائے۔
ان کا کہنا تھا کہ اللہ پاک افواج پاکستان اور فیلڈ مارشل کی حفاظت فرمائے اور اللہ پاک ہمیں پاکستان کے تحفظ کی توفیق عطا فرمائے۔
مولانا عبد الخبیر آزاد نے مزید کہا کہ اللہ پاک ہم سے حرمین شریفین کی حفاظت کا کام لے لے، آپس میں تفرقہ سے بچو اور اتحاد کی رسی کو تھامے رکھو۔














