اسلام آباد: امریکی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلیجنس کے پاکستان کے میزائل پروگرام سے متعلق بیان پر دفتر خارجہ کا ردِعمل سامنے آگیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان امریکی عہدیدار کے حالیہ دعوے کو یکسر مسترد کرتا ہے، امریکی ڈائریکٹر نیشنل انٹیلی جنس کی جانب سے پاکستان کی میزائل صلاحیت کو ممکنہ خطرہ قرار دیے جانے کو بھی مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی اسٹریٹیجک صلاحیتیں مکمل طور پر دفاعی نوعیت کی ہیں، پاکستان کی اسٹریٹجک صلاحیتوں کا مقصد قومی خودمختاری کا تحفظ اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو برقرار رکھنا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا بین البراعظمی حد سے کم میزائل پروگرام بھارت کے مقابلے میں ’’کم از کم مؤثر دفاعی صلاحیت‘‘ کے اصول پر مبنی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان کے برعکس بھارت کی جانب سے 12,000 کلومیٹر سے زیادہ رینج کے میزائلوں کی تیاری خطے اور اس سے باہر کے لیے تشویش کا باعث ہے۔
ترجمان نے پاکستان کا امریکا کے ساتھ باہمی احترام، عدم امتیاز اور حقائق پر مبنی تعلقات کے تحت تعمیری روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ جنوبی ایشیا کی اسٹریٹجک ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن اور ذمہ دارانہ مؤقف اختیار کیا جائے۔















