اسلام آباد: بھارت سمیت کئی ایشیائی ممالک میں شوال المکرم کا چاند نظر نہ آنے کے باعث عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو منانے کا اعلان کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی کی رویت ہلال کمیٹی نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ ملک میں کہیں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد بھارت بھر میں عیدالفطر 21 مارچ کو منائی جائے گی۔ لکھنؤ اور حیدرآباد میں بھی چاند نظر نہ آنے کی تصدیق کی گئی ہے۔
دوسری جانب ملائیشیا، انڈونیشیا اور بنگلادیش میں بھی شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ انڈونیشیا کی وزارت مذہبی امور کے مطابق ماہرین فلکیات کی رپورٹ کی روشنی میں عیدالفطر 21 مارچ کو منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بنگلادیش میں قومی رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کے بعد مذہبی امور کے وزیر نے باضابطہ اعلان کیا کہ شوال کا چاند نظر نہ آنے کی وجہ سے عید 21 مارچ کو ہوگی ۔ سنگاپور، برونائی اور جاپان میں بھی عید اسی روز منائی جائے گی۔
دوسری جانب پاکستان میں چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہے۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
ملک بھر سے چاند کی رویت سے متعلق شہادتیں وصول کی جارہی ہیں جس کے بعد عیدالفطر کی حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں عیدالفطر 20 مارچ بروز جمعہ کو منائی جائے گی۔















