سوئی سدرن گیس کمپنی نے عیدالفطر کے موقع پر شہر قائد میں گیس فراہمی کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے، جس کے تحت شہریوں کو چاند رات سے عید کے پہلے دن رات 12 بجے تک بلا تعطل گیس فراہم کی جائے گی۔
کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں صارفین کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گھریلو اور کمرشل صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ عید کی خوشیوں میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔
شیڈول کے مطابق چاند رات کو گیس کی فراہمی مسلسل جاری رہے گی اور کسی قسم کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

تاہم عید کے پہلے اور دوسرے دن کی درمیانی رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک گیس بند رہے گی، جس کے بعد صبح 6 بجے سے رات 12 بجے تک دوبارہ فراہمی بحال کر دی جائے گی۔
اسی طرح عید کے دوسرے اور تیسرے دن کی درمیانی رات بھی گیس کی فراہمی رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک معطل رہے گی، جبکہ دن کے اوقات میں معمول کے مطابق دستیاب ہوگی۔
کمپنی کے مطابق عید کے تیسرے دن کے بعد گیس کی فراہمی صبح 6 بجے سے رات 10 بجے تک ہوگی، جس کے بعد معمول کا لوڈ مینجمنٹ شیڈول بحال کر دیا جائے گا، یعنی رات 10 بجے سے صبح 5:30 بجے تک گیس بند رہے گی۔
سوئی سدرن گیس کمپنی نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ اگر گیس فراہمی میں کسی قسم کی شکایت ہو تو فوری طور پر 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن 1199 پر رابطہ کریں، جہاں عملہ ہر وقت مدد کے لیے موجود ہے۔














